انڈین کرنسی

جہاز کے ملبے سے بازیاب 2 انڈین کرنسی نوٹوں کی نیلامی

لندن(نمائندہ خصوصی)لندن کے نوننز مے فیئر آکشن ہاس میں دو ایسے انڈین کرنسی نوٹوں کی نیلامی ہوگی جو 1918 میں ڈبوئے جانے والے ایک جہاز سے برآمد ہوئے تھے۔ یہ جہاز جرمن بحریہ کے ایک تارپیڈو کا نشانہ بنا تھا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ایس ایس شِرالا گولا بارود، کرنسی نوٹ اور مارملیڈ لے کر ممبئی سے لندن جارہا تھا۔

آئر لینڈ کے پانیوں میں جہاز کے ملبے سے جو چند چیزیں برآمد ہوئی ہیں ان میں اس وقت کے دو انڈین کرنسی نوٹ بھی شامل ہیں۔دس روپے مالیت کے اِن دو کرنسی نوٹوں کی نیلامی 29 مئی کو لندن میں ہوگی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک نوٹس سیلز کے تحت کی جانے والی اس نیلامی میں یہ دونوں کرنسی نوٹ 2 ہزار سے 2 ہزار 600 پانڈز میں فروخت ہونے کی توقع ہے۔

دونوں انڈین کرنسی نوٹ 25 مئی 1918 کو جاری کیے تھے اور جس جہاز پر یہ دوسرے سامان کے ساتھ لادے گئے تھے وہ 2 جولائی کو ایک جرمن تارپیڈو کا نشانہ بننے کے بعد ڈوب گیا تھا۔ لندن میں ہونے والی اِسی نیلامی میں برطانوی دور کا 100 روپے کا انڈین نوٹ بھی پیش کیا جائے گا جو 4 ہزار پانڈ سے زیادہ میں فروخت ہوسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں