احسن اقبال

ہمارے دروازے بامقصد بامعنی مذاکرات کے لئے تمام جماعتوں کے لئے کھلیں ہیں ‘ احسن اقبال

نارووال (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کا حکومتی پالیسیوں پراعتماد بڑھا ہے ،اگلے پانچ سال پاکستانی معیشت کو سیاسی محاذ آرائی سے بچائیں گے ،ہمیں عوام کی خدمت کا مقابلہ کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف نارووال میں طلبا ء میںلیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ٹھیک سمت کی طرف گامزن ہے ،اسٹاک مارکیٹ 76ہزار انڈکس کراس کر گئی ہے یہ بیرونی و اندرونی سرمایہ کاروں کا حکومت کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد ہے اگلے پانچ سالوں میں پاکستان کی معیشت کی بحالی کے سفر کو محاذ آرائی کی سیاست سے بچائیں گے۔احسن اقبال نے کہا کے پاکستان کی معیشت مشکلات کا شکار ہوتی ہے تو وہ مشکلات (ن)لیگ پر آئے گی نہ پی ٹی آئی پر ،اگر ملک ترقی کرے گا تو 24 کروڑ عوام کا بھلا ہو گا ، اگر ملک بحران کی طرف جائے گا تو عوام اس کی سزا بھگتے گی ۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ میں پی ٹی آئی قیادت کو مشورہ دیتا ہوں کے سڑکوں کو چھوڑ کر ایوانوں میں آئیں تاکہ ایوانوں میں مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کر سکیں ،خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہ وہاں پر عوام کی خدمت کریں ،اس کے علاوہ جس کوجہاں پر مینڈیٹ ملا ہے عوام کی خدمت کریں ۔

احسن اقبال نے کہا کے اب جلسوں کا کھیل نہیں کھیلنا ،ہمیں عوام کی خدمت کا مقابلہ کرنا ہے ،ہمارے دروازے بامقصد بامعنی مذاکرات کے لئے تمام جماعتوں کے لئے کھلیں ہیں لیکن بامقصد بامعنی مذاکرات تب ہی ہوسکتے ہیں جب فریق کھلے دل سے مثبت ایجنڈے کے ساتھ مذاکرات کرے ،نہ کے ضد کرے نہیں تومذاکرات کامیاب نہیں ہو گے۔

احسن اقبال نے کہا کے 9 مئی کے واقعات کو قوم کبھی معاف نہیں کر سکتی ،پی ٹی آئی سیاست میں مار کھانے کے بعد عدالت کا کندھا استعمال کرتی ہے جبکہ سیاست میں مات کھا چکی ہے ،وہ عدالت کو اسٹیبلشمنٹ اورحکومت سے لڑوا کر اپنے لئے راستہ بنانا چاہتی ہے ،پاکستان کی عدلیہ بہت جہاں دیدہ میچور ہے ،پاکستان کے تمام ستون سمجھتے ہیں ہم سب کو مل کر پاکستان کے لئے کام کرنا ہے ،رول آف لاء کا مقصد یہ ہوتا ہے کسی ملک کے اندر آڈر ہو ،کسی عدالتی فیصلے سے ملک کے اندر بے یقینی ہو ڈس آڈر ہو تو رول آف لا ء نہیں ہوتا کچھ اور ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں