تل ابیب (نمائندہ خصوصی )امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی اور جنگ کے بعد کے غزہ منصوبے سے متعلق بات چیت کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا ہے کہ بلنکن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات میں غزہ تنازع کو خطے میں پھیلنے سے بچانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انٹونی بلنکن نے بتایا کہ امریکی صدر کا مجوزہ منصوبہ اسرائیل کی شمالی سرحد پر امن کی ضمانت ہوگا۔ بلنکن کا مزید کہنا تھا کہ مجوزہ منصوبہ خطے کے ممالک کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات کے امکانات کو کھول دے گا۔یہ ملاقات ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے امریکی قرارداد منظور کر لی ہے ۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطی کے دورے پر پیر کے روز قاہرہ پہنچے تھے ، جہاں انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ خطے کے رہنما حماس پر دبا ڈالیں تاکہ حماس جنگ بندی معاہدے کے لیے پیش کردہ امریکی پلان کو قبول کر لے۔