لاہور (نمائندہ خصوصی) معروف کامیڈین اداکار افتخار ٹھاکر نے انکشاف کیا ہے کہ مرحوم اداکار قوی خان ضرورت مند گھرانوں کی بچیوں کے رشتے ڈھونڈ کر شادیاں کرواتے تھے۔ افتخار ٹھاکر نے حال ہی میں پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مرحوم اداکار قوی خان کے سماجی کاموں کے بارے میں بھی بات کی۔انہوں نے بتایا کہ اگر کسی کا کبھی ملتان جانا ہو تو وہاں پر قوی خان فانڈیشن موجود ہے جو نوجوان لڑکیوں کی شادیاں کروانے میں مدد کرتی ہے۔
اداکار نے بتایا کہ یہ فاونڈیشن لڑکیوں کی شادیوں کی مکمل ذمہ داری نبھاتی ہے یعنی پہلے لڑکیوں کے لیے اچھے رشتے ڈھونڈے جاتے ہیں اور پھر ان کے لیے مکمل جہیز تیار کروایا جاتا ہے یہی نہیں بلکہ فاونڈیشن شادی کے بعد بھی بچیوں سے رابطے میں رہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قوی خان صاحب انتقال کر گئے ہیں لیکن ان کے جانے کے بعد اس فانڈیشن کے پاس اب بھی اتنے فنڈز موجود ہیں کہ یہ کئی سالوں تک اپنا کام جاری رکھ سکتی ہے۔