بیرسٹر گوہر خان

پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ سے ہمیں انصاف نہیں مل رہا، اس لیے احتجاج کر رہے ہیں،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین ممبر قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ سے ہمیں انصاف نہیں مل رہا اس لیے تمام ممبران اسمبلی سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں ۔2009 میں ججز سڑکوں پر تھے آج ہم ہیں۔سائفر کیس میں عمران خان بےگناہ ثابت ہو چکے ہیں۔ عدت کیس میں معاملے کو لٹکایا جا رہا ہے ۔سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔ہماری قومی اسمبلی کی 180 سے زائد نشستیں کنفرم تھیں۔

مگر نتائج کو تبدیل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک احتجاج کر رہے ہیں۔اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہمیں انصاف نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ،ہمارے پارٹی کے کارکن اور بشری بی بی جیل میں ہیں انہیں بےگناہ پابند سلاسل کیا گیا ہے۔جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں۔ہم انصاف کے لیے سپریم کورٹ کے باہر سراپا احتجاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہمیں تین کروڑ سے زائد لوگوں نے ووٹ دیے ہیں۔تحریک انصاف ملکی مقبول ترین جماعت ہے جس کو 70 فیصد سے زائد عومی مقبولیت حاصل ہے۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ عمران خان سمیت لوگوں کو نا کردہ گناہوں کی سزا دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تین کروڑ ووٹ ملے ہیں جبکہ ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کو باقی ووٹ ملے ہیں۔اس لحاظ سے پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے انصاف کی توقع رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ ہمیں انصاف فراہم کرے۔اگر یہاں سے انصاف نہیں ملا تو کیا ہم اقوامِ متحدہ جائیں گے ۔پاکستان کے اندر عام آدمی کو نظام انصاف نہیں مل رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں