ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ

جنوبی افریقا افغانستان کو 9وکٹوں سے ہراکر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا

ٹرینیڈاڈ (نمائندہ خصوصی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے 9وکٹوں سے یکطرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دیکر پہلی مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔جنوبی افریقی بولرز کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، جیت کیلئے صرف 57رنز کا ہدف دیا، جنوبی افریقا نے مطلوبہ ہدف 1وکٹ کے نقصان پر 8.4اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔جنوبی افریقا کیخلاف ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 11.5اوورز میں افغانستان کی پوری ٹیم محض 56رنز بنا کر آل آﺅٹ ہوئی۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کے خلاف افغانستان کی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی، کوئی بیٹر جنوبی افریقی بولرز کا مقابلہ نہیں کر سکا۔

افغانستان کی جانب سے صرف عظمت اللہ عمر زئی 10رنز بنا سکے ہیں، رحمان اللہ گر باز، محمد نبی اور نو ر احمد صفر پر آﺅٹ ہو ئے۔ابراہیم زدران 2،گلبدین نائب 9، ننگیالیا خروٹے2، کریم جنت 8، راشد خان 8 اور نوین الحق 2رنز اسکور کر پائے۔جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3، 3جبکہ رباڈا اور اینرک نوکیا نے 2، 2وکٹیں حاصل کیں۔افغانستان کیخلاف اننگز اوپن کرنے کیلئے آنے والے جنوبی افریقی بیٹر کوئنٹن ڈی کوک 5رنز بنا کر پویلین لوٹے۔جنوبی افریقا کے ریزا ہینڈرکس نے 29اور کپتان ایڈرن مارکرم نے 23رنز کی ناٹ آﺅٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں کردار ادا کیا۔افغانستان کی جانب سے اننگز کی واحد وکٹ فضل حق فاروقی نے حاصل کی۔

ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل کیلئے افغانستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں مد مقابل تھیں۔واضح رہے کہ افغانستان نے سپر 8مرحلے میں ایونٹ کی خطرناک ٹیم آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں