لاہور (نمائندہ خصوصی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا، کوئی پاکستانی کھلاڑی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکا۔ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی فائنل الیون میں حیران کن طور پر فائنلسٹ جنوبی افریقا کا بھی کوئی پلیئر شامل نہیں ہے، فائنل الیون میں بھارت کے 6، افغانستان کے 3 جبکہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کا ایک ایک پلیئر رکھا گیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے بھارت کے روہت شرما کو ورلڈ کپ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ بھارت کے سوریا کمار یادیو، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، جسپریت بمرا اور ارشدیپ سنگھ ٹیم میں شامل ہیں جبکہ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی فائنل الیون میں افغانستان کے رحمن اللہ گرباز، راشد خان اور فضل الحق فاروقی کو بھی حصہ بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن اور آسٹریلیا کے مارکوس سٹوئنس بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے اینرخ نوکیا کو ٹیم کا بارہواں کھلاڑی رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنے والی انگلینڈ ٹیم کا بھی کوئی کھلاڑی ٹیم آف ٹورنامنٹ میں جگہ نہ بنا سکا۔