مریم نواز

اراکین اسمبلی میرا پاور ہاﺅس ہیں،بہت پریشر لیا لیکن پولیس میں سیاسی مداخلت پر فل سٹاپ لگا دیا،مریم نواز

لاہور (نمائندہ خصوصی )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی میرا پاور ہاﺅس ہیں، سیاسی مداخلت سے خرابیاں جنم لیتی ہیں، بہت پریشر لیا لیکن پولیس میں سیاسی مداخلت پر فل سٹاپ لگا دیا،میرٹ کے اصولوں پر عمل کرنے کیلئے سب کو ناراض کیا،پنجاب میں کوئی گینگ اور نو گو ایریا برداشت نہیں، چار ماہ میں کسی آر پی او، ڈی پی او اور ایس ایچ او کی سفارش نہیں کی، کسی رکن اسمبلی کے کہنے پر پولیس افسر تعینات نہیں کئے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے صوبہ بھر کے پولیس افسران نے ملاقات کی جس میں وزیراعلی نے پولیس افسران کی کارکردگی جانچنے کیلئے کی پرفارمنس انڈیکیٹرزمقرر کردیئے۔عوامی شکایات، ایف آئی آرز، فرد جرم، نو گو ایریا، سرچ آپریشن اور غیر معمولی کارکردگی دکھانے پر پولیس اہلکاروں اور افسروں کو نمبر ملیں گے۔

اختراعی اور منفرد اقدامات سے پولیس افسروں کو اضافی نمبر ملیں گے جبکہ ٹاسک پورا نہ ہونے پر پولیس افسروں کے نمبر کاٹ لئے جائیں گے۔وزیراعلی پنجاب نے پولیس کے اعلی افسران کو ایس ایچ اوز اور دیگر افسران کی کڑی نگرانی اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر اچھی ساکھ والے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا حکم دیا۔وزیراعلی پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پولیس کی تمام ضرورتیں پوری کر رہے ہیں۔

انہیں جو بھی جدید ترین آلات درکار ہیں دیئے جارہے ہیں۔ اب کام بھی ہونا چاہیے۔صوبے بھر میں کوئی گینگ اور نو گو ایریا برداشت نہیں۔ مجرم کو پتہ ہونا چاہیے کہ پکڑے گئے تو سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ ایڈمنسٹریشن کیلئے مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے سے کارکردگی میں بہتری نظر آرہی ہے۔ بچے، خواتین اور کمزور طبقات میری ریڈ لائن ہیں۔ بچوں کے معاملات میں سخت ایف آئی آر درج کی جائیں اور بہترین تفتیش کی جائے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کامزید کہنا تھا کہ ہم سب عوام کے حقوق کیلئے اللہ تعالی کو جوابدہ ہیں۔ پولیس افسران عوام پر نہیں بلکہ مجرموں پر سختی برتیں۔ جب جرائم بڑھتے ہیں اور لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو وہ اچھی سڑکیں، مفت دوائیں اور دوسری بہت سی چیزیں بھول کر حکومت کو موردِ الزام ٹھہراتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں