وزیرداخلہ محسن نقوی

وزیر داخلہ سے اطالوی سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیرداخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں تعینات اطالوی سفیر میریلینا ارملین نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ اٹلی کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب اور موثر رہا، اطالوی وزیر داخلہ سے ملاقات میں غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا،اس ضمن میں اطالوی وزارت داخلہ کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ وفد پاکستانی حکام سے ملاقات اور بارڈر کا دورہ کرے گا، انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کو روکنے کیلئے دونوں ممالک کو باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہو گا۔محسن نقوی نے کہاکہ انسانی اسمگلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اس کے تدارک کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اگر ہم انسانی اسمگلنگ کو بارڈر پر روکنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ دونوں ممالک کے لئے سود مند ثابت ہو گا۔ وفاقی و زیر نے کہاکہ ہنر مند افرادی قوت کی منتقلی سے بھی انسانی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ اٹلی مختلف شعبوں میں پاکستان کے ہنر مند افراد کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے اطالوی سفیر کو اپنے اطالوی ہم منصب کے دورہ پاکستان کا باقاعدہ دعوت نامہ بھی پیش کیا۔اطالوی سفیر نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی ، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے ملاقات میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں