اسلام آبا د(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمیں مخصوص نشستیں نہ ملیں تو ریویو فائل کریں گے،ہم صرف ملک کی خاطر وزیراعظم کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ ا یک انٹرویو میں انہوں نے کہا آئین کے مطابق منتخب رکن اسمبلی کسی بھی سیاسی جماعت کو جوائن کرسکتا ہے۔
آرٹیکل 51 کہتا ہے کہ مخصوص نشستیں متناسب نمائندگی کے ساتھ ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عدلیہ پر پوری امید ہے کیونکہ ہم سے چھینی گئی مخصوص نشستوں کا حق صرف سنی اتحاد کونسل کا ہے ۔جس طرح ہم سے ہماری مخصوص نشستیں چھینی گئیں اس کی مثال اس سے پہلے کہیں نہیں ملتی ۔ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے ہم صرف ملک کیلئے سوچ رہے ہیں۔ہم یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں صرف آئین و قانون کی بالادستی قائم ہو۔ملک سے لاقانونیت اور آئین کی بحالی کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ہم اپنے حق کیلئے آوا ز بلند کرتے رہیں گے ۔ہمارے رہنماں و کارکنوں پر آئے روز بے بنیاد مقدمات قائم کئے جارہے ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں بھی ہم صرف ملکی مفاد میں شرکت کریں گے کیونکہ یہ ملکی معاملہ ے اس لئے بانی پی ٹی آئی نے اس میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا ۔آل پارٹیز کانفرنس میں جا کرہم آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے اپنا نکتہ نظر پیش کریں گے ۔اے پی سی میں شریک ہوکر حکومتی موقف کو بھی سنیں گے اور پھر انہیں بتائیں گے کہ ملک اس وقت کسی آپریشن کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ملک کی تمام اپوزیشن جماعتوں نے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کی ہے کیونکہ آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔