عمران خان

اسلام آباد،عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 6، بشریٰ بی بی کی ایک درخواست پر سماعت 30جولائی تک ملتوی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی 6اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست پر سماعت 30جولائی تک ملتوی کردی۔جمعرات کو ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے کی،عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کو بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک یا فزیکل حاضری کی ہدایت کی۔دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے عدالت میں کہاکہ بیرسٹر سلمان صفدر لاہور ہائیکورٹ میں ایک کیس میں مصروف ہیں،ضمانت کی درخواستوں پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کی جائے جس پرجج افضل مجوکہ نے کہا کہ جلدی سماعت نہیں رکھی جاسکتی، سماعت چھٹیوں کے بعد ستمبر تک ملتوی ہوگی۔

خالد یوسف چوہدھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ آئندہ ہفتے رکھ لیں، بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دینے ہیںجس پرجج افضل مجوکہ نے کہا کہ آئندہ ہفتے تو کیسز کا کافی رش ہے۔بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ضمانت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 30جولائی تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی پر تھانہ ترنول میں2، رمنا، سیکریٹریٹ،کوہسار اور کراچی کمپنی تھانوں میں ایک ایک مقدمہ ہے جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف جعلی رسیدوں کا ایک اور 5مقدمات 9مئی واقعات کے درج ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں