بشری بی بی

ہائیکورٹ نےبشریٰ بی بی کی بغیر وارنٹ گرفتاری کیخلاف درخواست واپس لینے کی بنا پر خارج کردی

لاہور ( نمائندہ خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی کی بغیر وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست واپس لینے کی بنا پر خارج کردی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ستار ساحل عدالت پیش ہوئے۔بشریٰ بی بی کے وکیل خرم لطیف کھوسہ نے دلائل دئیے۔رجسٹرار آفس نے درخواست پنڈی بنچ میں دائرنہ کرنے کا اعتراض عائدکیاتھا ۔

جبکہ عدالت نے درخواست پرعائد رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھا۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست واپس لینے کی بناء پر خارج کر دی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار اور شوہر کی عدت کیس اور توشہ خانہ کیس میں رہائی کا حکم دیا گیا ، بدنیتی سے درخواست گزار اوربانی پی ٹی آئی کو جیل میں گرفتار کرلیا گیا ، درخواست گزار کو بغیر وارنٹ گرفتار کرتے وقت خواتین اہلکاروں نے تشدد کانشانہ بھی بنایا۔

توشہ خانہ کے تیسرے کیس میں چیئرمین نیب کے وارنٹ گرفتاری کے بغیر گرفتار کیا گیا ، سیاسی بنیادوں پر انتقام کیلئے کیسز بنا کر قید میں رکھا جارہا ہے ۔ استدعا ہے کہ عدالت تشدد میں ملوث سپرنٹینڈنٹ جیل اور خواتین اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے ،عدالت توشہ خانہ کے تیسرے کیس میں گرفتاری غیر قانونی قرار دے ،عدالت بدنیتی پر مبنی بنائے گئے کیسوں میں گرفتاری سے روکنے کا حکم دے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں