اشرف بھٹی

وزارتوں ،بیورو کریسی کی مراعات اورغیر ضروری اخراجات پرپابندی عائد کی جائے ‘ اشرف بھٹی

لاہور(نمائندہ خصوصی ) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں مفادات سے بالا تر ہو کر ایک میز پر بیٹھیں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام آئے اس سے ہی معیشت کی سانسیں بحال ہو سکیںگی ،گھمبیر ہوتے حالات سے نمٹنے کےلئے سنجیدہ کوششیں نہ کی گئیں تو معیشت سمیت ہرشعبے کا دھڑن تختہ ہو جائے گا ، ریاست کے معاملات چلانے اور پرانا قرض اتارنے کے لئے نیا قرض لینے کی پالیسی قطعا ً سود مندنہیں ۔

اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ اگر سیاستدانوں نے نازک حالات کا ادراک نہ کیا تو آنے والی نسلیں انہیںمعاف نہیں کریں گی ۔ملک کے حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ تمام سیاستدان اور اسٹیک ہولڈرز ایک میز پر بیٹھیں اور مسائل کا حل تلاش کریں ۔اگر آج سیاستدان متحد نہ ہوئے تو قوم میں بھی تقسیم بڑھے گی جس کا پاکستان ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ بلا شبہ پاکستان اس وقت شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہے اور سبسڈی دینے کا متحمل نہیں ہو سکتا لیکن ایسے میں وفاقی و صوبائی وزارتوں اوربیورو کریسی کیلئے مراعات اورغیر ضروری اخراجات پر فی الفور پابندی عائد کرکے پسے طبقات کو ریلیف دیا جائے۔انہوںنے کہا کہ غیر ملکی قرضوںسے چھٹکاراحاصل کرنے کیلئے قومی پالیسی بنائی جائے اور اس کی پارلیمنٹ سے توثیق کرائی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں