اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک دشمن شر پسند عناصر ملک میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں،سکیورٹی فورسز خوارج سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی خارجی دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے حوالے سے جاری بیان میں سپیکر نے سکیورٹی فورسز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر مبارکباد دی اور فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے وطن کے چار بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہدا حوالدار نثار حسین، نائک رشید گل، نائک عرفان اللہ خان اور سپاہی عثمان رفاقت قوم کا فخر ہیں۔سردار ایاز صادق نے شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعاکی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے، ملک دشمن شر پسند عناصر بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں،سکیورٹی فورسز خوارج سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انشائ اللہ مشترکہ کوششوں سے جلد دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہوگا۔
٭٭٭٭٭