لاہور ( نمائندہ خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت، وزارت اطلاعات اور پی ٹی اے کا ایک ایک نمائندہ آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ہر فریق کا نمائندہ کمرہ عدالت میں حاضری کو یقینی بنائے۔لاہور ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 21اگست تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی حالیہ بندش اور تعطل کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ندیم سرور کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت، پی ٹی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں بغیر نوٹس اور وجہ بتائے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بند کر دی گئی ہیں۔اس بندش سے کاروبار حتی کہ ہر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہو رہا ہے جبکہ انٹرنیٹ کی بندش بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ وفاقی حکومت کا انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر ملک میں انٹرنیٹ کو مکمل اور فوری بحال کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
٭٭٭٭٭