لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی، راسخ الٰہی اور زارا الٰہی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکلوانے کے لیے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرکے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس شمس محمود مرزا درخواستوں پر سماعت کی۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا کہ موجودہ درخواست میں وہی استدعا کی گئی ہے، جو اس سے پہلے دائر درخواست میں کی گئی تھی۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کر کے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز الہی پر درج مقدمات کی عدالتوں سے ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ پرویز الہی 20 ستمبر سے 5 اکتوبر تک عمرہ کرنے اور برطانیہ جانا چاہتے ہیں، عدالت پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے ناموں کو نکالنے کا حکم دے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔