اسلامک سوسائٹی

اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کا 61واں سالانہ کنونشن ڈیلس شروع ،20ہزار کمیونٹی ارکان کی شرکت متوقع

میکسیکوسٹی(نمائندہ خصوصی)اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا (اسنا)کا 61واں سالانہ کنونشن ڈیلس میں واقع ہوٹل اناٹول کنونشن سینٹر میں شروع ہوگیا جس میں امریکا بھر سے تقریباً 20ہزار کمیونٹی ارکان کی شرکت متوقع ہے۔میڈیاکے مطابق ہفتہ کو کنونشن کے پہلے روز مرکزی صدر اسنا اور دیگر عہدیدارن نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایاکہ اس کنونشن میں 150سے زائد ممتاز مقررین کو خطاب کے لیے مدعو کیا گیا ہے اور رانڈ ٹیبل ڈسکشن کے علاوہ بین المذاہب رسیپشن اور دیگر سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

500سے زائد بوتھ کے ذریعے اسنا بازار اور کھیل کود اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں گلوکاروں اور قوالی کے پرگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔گزشتہ روزکنونشن کی افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں منتخب عہدیداروں اور کمیونٹی لیڈرز نے شرکت کی۔ اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا (اسنا)مسلمانوں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے جس کے تحت ہر سال امریکا کی مختلف ریاستوں میں سالانہ کنونشن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ڈیلس میں ہونے والا یہ کنونشن اسنا کی 61سالہ تاریخ میں پہلا کنونشن ہے جو کہ ڈیلس میں منعقد کیا جا رہا ہے، امریکا میں مسلمانوں کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے جس میں امریکا کے مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، بین الاقوامی لیڈرز اور وفاقی حکومت کے اعلیٰ عہدے دار شرکت کرتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے بعدخصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسنا کے صدر صفا زرزور، کنونشن کے چیئر اظہر عزیز،مجیب قاضی، امریکن آرمی میں تعینات پہلی مسلم چیپلن جبین، رفعت ملک اور دیگر نے کہا کہ وائٹ ہائوس سے لے کر مقامی، ریاستی اور وفاقی سطح کے عہدیداراسناکے پروگرام میں شریک ہوں گے۔اس کنونشن کے انعقاد کا مقصد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو امن اور بھلائی کے عنوان سے متحد کرنا ہے جبکہ نارتھ امریکا میں مسلم کمیونٹی کو درپیش مسائل سمیت مسلمانوں کو بین الاقوامی طور پر مسائل کے حل کے لیے امریکی عہدیداران پر دبائو ڈالا جائے گا جس میں فلسطین کشمیر اور سوڈان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔اِسنا کے صدر صفا ذرزور نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ سماج کے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے لیے کنونشن ایک بہتر پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف مسلمانوں کا ایونٹ نہیں بلکہ امریکا کا ایونٹ ہے، مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، ان کے خاندانوں، تاجرین اور رضاکارانہ تنظیموں کے لیے بہتر نمائندگی کا عین ذریعہ ہے، سماج کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور سماجی تبدیلی کے لیے مذاہب کا اہم ہوتا ہے، اِسنا نارتھ امریکا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی اور قدیمی تنظیم ہے جو کہ 1963 سے امریکا میں قائم ہے اور مسلمانوں کی فلاح بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں