لاہور(نمائندہ خصوصی)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ باریاں لینے والوں نے عوام کی محرومیاں دورکرنے کیلئے کچھ نہیں کیا ،میں نے اعلان کیا تھا آئندہ کی سیاست اس حلقے میں کروں گا جس پر قائم ہوں ، ہم نے عوام سے رشتہ نبھاکر دکھایا ہے اور جب تک ایک سانس بھی باقی ہے حلقے کی عوام سے رابطوں میں تعطل نہیں آئے گا۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوںنے حلقہ این اے 97کے عمائدین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر حلقے کے مسائل اور ان کے حل کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حلقے کی عوام کے جو مسائل ہیں انہیں اجاگر کریںگے اور عوام کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں جس قدر استطاعت دے رکھی ہے عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت پسماندہ اضلاع میں کسانوں کا ہاتھ تھامے ،غیر معیاری بیجو ں کی وجہ سے اجناس کی پیداوار کم رہنے کے خدشات سامنے آرہے ہیں،حکومت معیاری بیجوںاور زرعی ادویات کی فراہمی کیلئے فیئر پرائس شاپس قائم کرے ۔
نظر انداز ہونے والے علاقوں کے نوجوانوں کے لئے بھی منصوبے شروع کئے جائیں تاکہ یہ نوجوان اپنے خاندانوں پر بوجھ بننے کی بجائے بوجھ اٹھا سکیں ، دیہی علاقوں میں خواتین اورنوجوانوں کو وہ سہولیات میسر نہیں جس کے ذریعے وہ قومی دھارے میں شامل ہونے کے قابل ہو سکیں۔