مسرت جمشید چیمہ

پی ٹی آئی کی جدوجہد جاری ، 8ستمبر کا جلسہ سنگ میل ثابت ہوگا ‘ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وفاق میں چچا کی حکومت مہنگی بجلی کے ذریعے عوام کی جیبوں سے اربوں نکال رہی ہے اور بھتیجی صوبے کے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کر کے ریلیف دینے کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے ، پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جتنی بھی اسکیمیں دی گئی ہیںعوام کی اکثریت ان کی کڑی شرائط کو پورا نہیں کر سکتے ،پی ٹی آئی کی جدوجہد جاری ہے اور 8ستمبر کا جلسہ سنگ میل ثابت ہوگا ۔

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پہلے محاورے کے طو رپر دو وقت کی روٹی کی بات کی جاتی تھی لیکن نام نہاد تجربہ کاروں کے دور میں عوام کو ایک وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں ، مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ لوگ اپنے بچوں کو سکولوں میں بھیجنے کی بجائے اٹھا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں عملی اقدامات کم جبکہ تشہیر بازی زیادہ ہو رہی ہے ، شاہراہوں پر ایسے تشہیری بورڈز آویزاں کئے گئے ہیں جیسے پنجاب میں سب کچھ ٹھیک ہو گیا ہے اور عوام کیلئے دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی گئی ہیں ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی 8ستمبر کے جلسے کیلئے تیار ہے اور ان شااللہ عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر نظر آئے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں