وزیراعظم

بلوچستان میں گاڑی بچانے والے ایکسویٹر آپریٹر کی وزیراعظم سے ملاقات، 25 لاکھ انعام

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) بلوچستان میں گاڑی بچانے والے ایکسویٹر آپریٹر محب اللہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے، انہوں نے محب اللہ کو 25 لاکھ روپے کے انعام سے نوازا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے محب اللہ کی وزیراعظم ہاس آمد ہوئی جہاں شہباز شریف نے محب اللہ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، آپ کے انسانیت سے محبت کے جذبے کی دل سے قدر کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آپ نے ہمت سے کام لے کر قیمتی انسانی جانیں بچائیں، آپ نے مصیبت میں گھرے لوگوں کو بچا کر قومی فریضہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے محب اللہ کی بہادری کے اعتراف میں انہیں 25 لاکھ روپے کے انعام سے بھی نوازا۔ ایکسویٹر آپریٹر محب اللہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعزاز کی بات ہے کہ میں ملک کے وزیراعظم سے ملاقات کر رہا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں