ملک احمد خان

فیض حمید کا معاملہ کورٹ مارشل کی طرف چلا گیا ہے،سپیکر پنجاب اسمبلی

حجرہ شاہ مقیم ( نمائندہ خصوصی)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ چھ ستمبر 1965کے دن بہادر فوج کے جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کو وطن عزیز کی خاطر قربان کیاجس کی کوئی مثال نہیں ملتی،یہ وطن ہم نے شہدا اور بزرگوں کی عظیم قربانیوں سے حاصل کیا ہے ،افواج پاکستان کے جوان ملکی دفاع اور سالمیت کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کر نے کے عظیم جذبے سے سرشار سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں،ہمیں وطن کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے مل جل کر کام کرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے یہاں بصیر پور میں منعقدہ سالانہ کبڈی لیگ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا ،

اس موقع پر ایم این اے ریاض الحق جج،مقامی ایم پی اے و صدر پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن چوہدری افتخار حسین چھچھر، جنرل سیکرٹری پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن طاہر وحید جٹ،سابق ایم این اے رئوا محمد اجمل خاںسمیت دیگر محکموں کے افسران، سول سوسائٹی اور کبڈی کے شائقین و اہل علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یوم دفاع سے منسوب سالانہ کبڈی لیگ میں انکے لیے شرکت باعث مسرت ہے، کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں سے صحت مند معاشرہ جنم لیتا ہے، عوام کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

سیا سی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ فیض حمید کا معاملہ کورٹ مارشل کی طرف چلا گیا ہے ،کورٹ مارشل کا پراسس مکمل طور پر شفاف ہوتا ہے، کورٹ مارشل کے معاملے کو ڈیو پراسیس کے مطابق چلنا ہے، جس کسی کے تانے بانے فیض حمید کے ساتھ ملتے ہوں گے اس کے خلاف قانون خود راستہ بنا ئے گا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ، قومی مسائل کے حل سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس ایک اچھا پلیٹ فارم ہے جس میں پی ٹی آئی سمیت سب سیاسی جماعتیں شامل ہوں گی۔اس موقع پر ایم پی اے و صدر پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن چوہدری افتخار حسین چھچھر نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کبڈی لیگ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ بھی دی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں