طلال چوہدری

پی ٹی آئی 100جلسے کرے ،دوبارہ 9مئی نہیں ہونے دیں گے،طلال چوہدری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن)کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک نہیں 100جلسے کرے لیکن دوبارہ 9مئی نہیں ہونے دیں گے۔ایک بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنا ہے تو آئین اور قانون کے دائرہ میں رہ کر کرے، جلسے کریں لیکن رنگ بازی اور شعبدے بازی نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ ان جلسوں سے آئی ایم ایف کا معاہدہ نہیں رکے گا،نہ معیشت کو کوئی دھچکا لگے گا۔طلال چوہدری نے کہاکہ بار بار جلسہ جلسہ کہہ کر یہ تاثر نہ دیں کہ انتظامیہ آپ کو جلسہ نہیں کرنے دے رہی، امید ہے کہ آپ اس بار جلسہ کر کے دکھائیں گے۔

طلال چوہدری نے کہاکہ جلسے کا واحد مقصد این آر او ہے، یہ این آر او چاہتے ہیں، ان کی سیاست کا مقصد ایک ہی ہے کہ اڈیالہ کے مجرم کو معافی دلوائی جائے۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے پی کہتے ہیں کہ کرینیں لے کر آئوں گا!آپ اپنی پرفارمنس لے کر آئیں،عوام کے پیسوں سے اسلام آباد پر چڑھائی نہ کریں، سب سے زیادہ دہشت گردی اور بے امنی خیبر پختونخوا ہے، جلسے میں آ کر بڑھکیں مار کر آپ اپنی کارکردگی نہیں چھپا سکتے۔انہوںنے کہاکہ آپ کی شہدا سے کیا لڑائی ہے؟ کیا ناراضگی ہے؟ جب شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن آتا ہے آپ تب بھی شہدا کے گھر نہیں جاتے، سیدھی بات کریں کہ آپ جلسے کے ذریعے ملک میں عدم استحکام چاہتے ہیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں