اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج سیاسی و گروہی تفریق سے بلند ہو کر پاکستان کو دہشت گرد گروہوں سے پاک کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیبر پختونخوا میں قیام امن کے لیے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی ہر شکل میں قابل مذمت ہے، دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ پاکستان کی آواز ہے لہذا دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سب کو ایک ہونا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اے این پی نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، اے این پی کے لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کیا ہے اور ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان شااللہ عوام کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔ ایمل ولی خان نے انسداد دہشت گردی کے لیے اے این پی کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو شہید کیا، اس جنگ میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔