آصف زرداری

پاکستان محفوظ اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، آصف زرداری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ، پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے بیجنگ میں منعقد ہونے والے عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ فورم 2024 سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

صدر مملکت نے ملک میں محفوظ، پائیدار، مثر اور ماحول دوست نقل و حمل کا نظام فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی ضروریات پورا کرنے کے لیے موثر، ماحول دوست ٹرانسپورٹ کیلئے پائیدار انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔آصف زرداری نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے فروغ میں چین کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان نے خواتین کے لیے خصوصی پنک بسیں متعارف کرائی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دیہی علاقوں کی سدا بہار سڑکوں تک رسائی 92 فیصد تک ہو گئی، جو نمایاں بہتری ہے، دیہی علاقوں کی رسائی میں اضافہ پائیدار ترقی کے فروغ، دیہی آبادی کو بنیادی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے میں مددگار ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو بنیادی ڈھانچے کی پائیدار دیکھ بھال، موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، گزشتہ 5 سال میں تباہ کن سیلابوں، شدید بارشوں، موسمی حالات نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے فروغ، علاقائی و عالمی معاشی ترقی میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان رکن ممالک کی ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے درمیان پائیدار ٹرانسپورٹ تعاون کا حمایتی ہے۔اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پھنگ قیادت میں چین کے منصوبوں کو بھی سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں