نئی دہلی (نمائندہ خصوصی)پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی تھرو نے بھارت کے نیرج چوپڑا کے ہوش اڑا دیے تھے۔یاد رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپکس کے ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل جبکہ نیرج نے سِلور میڈل جیتا تھا، پیرس اولمپکس میں نیرج چوپڑا اپنے گولڈ میڈل کا دفاع نہیں کرسکے تھے۔ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو 92.97 میٹر کی، کی تھی جبکہ نیرج کی صرف ایک تھرو قانونی رہی تھی جو دوسرے راؤنڈ میں 89.45 میٹر کی تھی۔اپنے حالیہ انٹرویو میں سِلور میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے کہا کہ میں ہوش میں نہیں تھا کہ ارشد ندیم نے بہت اچھی تھرو کردی تھی، پہلی تھرو ایتھلیٹ کے مائنڈ سیٹ کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری پہلی تھرو اچھی تھی لیکن میرا فاؤل ہوگیا تھا، میں نے نئے ٹریک پر فاؤل سے بچنے کے لیے ایڈجسٹ ہونے کی کوشش کی لیکن میں ناکام رہا۔
نیرج چوپڑا نے کہا کہ اولمپکس میں مقابلہ بہت سخت تھا، ارشد ندیم نے اس کے بعد اچھی تھرو کردی میری تھرو بھی اچھی رہی تھی، اس کے بعد کیا ہوا پتہ نہیں وہ کہتے ہیں نا کہ جوش کے ساتھ ہوش بھی رکھنا چاہیے۔بھارتی ایتھلیٹ نے کہا کہ اس دن پھر میرا ہوش نہیں رہا تھا اس دن میں جوش میں تھا، بہت زیادہ غصہ تھا کہ مجھے کچھ کرنا ہے لیکن اس دوران تکنیکی چیزیں چھوٹ گئیں۔