اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کسی کے وجود کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں لہذا ان کا رویہ قابل برداشت نہیں ہے۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راناثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں انارکی، تشدد اور افراتفری چاہتی ہے اس لیے پی ٹی آئی کو روکنا آئین، قانون اور جمہوریت کےلیے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی جماعت کے طور پر نہ حکومت میں رویہ اپنایا نہ اپوزیشن میں، کبھی شارٹ مارچ، کبھی لانگ مارچ، کبھی اسلام آباد کا گھیراﺅ، کبھی حکومت توڑ دی، پی ٹی آئی کا رویہ سیاسی نہیں ہے۔ وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی کے وجود کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں اور نہ کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہے، ان کا رویہ قابل برداشت نہیں ہے، پی ٹی آئی کسی طور پر جمہوری رویے پر نہیں آئے گی۔