شیخ وقاص اکرم

بیرسٹر گوہر کو ہٹانے سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد ہیں، شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر کو ہٹانے سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام ایم این ایز کے ساتھ رابطے میں ہوں، تمام ممبران قومی اسمبلی محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر کسی احتجاج میں کوئی ایم این اے شرکت نہیں کرے گا، ہمارے تمام ممبران قومی اسمبلی محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے ہیں۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آئینی ترمیم اور آرٹیکل 63 والے معاملات جب تک کسی سمت نہیں بیٹھتے تب تک ممبران قومی اسمبلی انڈر گراﺅنڈ رہیں گے، ڈی چوک احتجاج سے متعلق بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ذمہ داری دی ہے، وہی اس احتجاج کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ ملتان میں کرکٹ میچ کی وجہ سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے احتجاج ملتوی کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی رہنماں کے اجلاس میں بلایا گیا تو ملکی مفاد میں ضرور شرکت کریں گے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے پہلے بھی قومی مفاد میں اے پی سی میں شرکت کرنے کی ہدایت کی تھی۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو ہٹانے سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد ہیں، پارٹی کے اندر سے جنہوں نے یہ بات پھیلائی ان کا تعین کرلیا گیا ہے اور انہیں محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں