شہباز شریف

شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم کی ملاقات، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماﺅں کی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ۔دونوں رہنماﺅں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو ملائیشیا کو سال 2025 کے لیے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن( آسیان) کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی۔اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم نے آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیرمقدم کیا، انہوں نے پاکستان اور آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے وسیع تر کردار کی حمایت کا اظہار کیا۔

وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعاون کا ذکر کرتے ہوئے باہمی فائدہ مند شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ونوں رہنماﺅں نے تمام سطحوں پر بات چیت اور وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) اور دو طرفہ مشاورت بڑھانے کے لیے حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں