وزیر داخلہ

سڑکوں کی بندش سے لوگ پریشان ہیں مگر یہ اقدام ضروری ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اندازہ ہے کہ سڑکوں کی بندش سے لوگوں کو پریشانی ہے ان سے معذرت خواہ ہیں لیکن باہر سے آئے مہمانوں کی سکیورٹی کے لیے یہ ضروری ہے،پی ٹی آئی کو ایسے احتجاج کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ،ہر چوتھے روز کہیں کہ بندے لا رہے ہیں اور اسلام آباد آنے دیں تو دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ڈی چوک میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ نے کہا کہ جب سڑکیں بند ہوں، کنٹینر لگے ہوں اور لوگ پریشان ہوں تو لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ یہ حکومت کو کیوں اور کن لوگوں کی وجہ سے کرنا پڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندازہ ہے کہ لوگوں کو پریشانی ہے ان سے معذرت خواہ ہیں لیکن باہر سے آئے مہمانوں کی سکیورٹی کے لیے یہ ضروری ہے، انہیں احساس دلانا ہے کہ وہ ایک محفوظ ملک میں آئے ہیں یہاں آئی جی سے لے کر پولیس والے تک سب الرٹ ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ساری صورتحال سب کے سامنے ہے جو لوگ احتجاج کا سوچ رہے ہیں وہ اپنے اقدام پر غور کریں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سوائے ایس پی کے ہمارے کسی پولیس اہلکار کے پاس بندوق نہیں ہے، ہماری ایس او پی ہے، اگر فائرنگ ہوئی تو پتہ چل جائے گا کہاں سے ہوئی، ویڈیوز میں بھی نظر آجائے گا۔ وہ لوگ اسلحہ لارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سے لے کر ہر پولیس والا الرٹ ہے، یہ جو کر رہے ہیں یہ طریقہ کار غلط ہے، ایسا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ ساری صورتحال آپ کے سامنے ہے، کل بھی درخواست کی تھی جلسے جلوس نہ کریں ۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے گی ، علی امین گنڈاپور کو سوچنا چاہیے کہ وہ کیا کر رہے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا سے کسی نہ کسی سطح پر رابطہ ہے، انہیں امید ہے کہ علی امین گنڈاپور بطور پاکستانی سوچیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے لیے باہر سے آئے ہوئے مہمانوں کی سیکیورٹی اہم ہے، اگر احتجاج کے لیے اجازت سے آتے تو پروٹوکول ملتا ۔ تحریک انصاف دارالحکومت پر دھاوا بولنے آ رہی ہے، ان کے پاس پورا صوبہ ہے جتنا احتجاج کرنا ہے وہاں کر لیں۔ڈی چوک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ ہر چوتھے روز کہیں کہ بندے لا رہے ہیں اور اسلام آباد آنے دیں تو دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ایک سوال کے جواب میں کہ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں آنے والے قافلوں سے کیسے نمٹیں گے، اس پر محسن نقوی کہا کہ ہماری سٹریٹیجی نظر آ جائے گی، پہلے نہیں بتا سکتے۔انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے قافلے اجازت کے ساتھ اسلام آباد آتے تو انہیں آئین کے مطابق پروٹوکول دیا جاتا لیکن موجودہ صورتحال میں وہ دارالحکومت پر دھاوا بول رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں