واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آزادی اظہار اور پر امن اجتماع کی حمایت کرتے ہیں،حکومت پاکستان امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کرےواشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ حملے میں جانوں کے ضیاع اور شہریوں کے زخمی ہونے پر دکھ ہوا، دہشت گردی سے متاثر ہونے والوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ مظاہرین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پرامن طریقے سے مظاہرہ کریں، تشدد سے باز رہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام سے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے احترام کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پاکستان کے آئین اور قانون کے احترام کو یقینی بنانا اہم ہے، حکومت پاکستان امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کرے۔ میتھیوملر سے بھارت میں مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں پر سوال کیا گیا کہ کیا امریکی کمیشن نے محکمہ خارجہ سے بھارت پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے؟
کیا امریکی کمیشن نے بھارت کو تشویشناک ممالک میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا؟ کیا محکمہ خارجہ امریکی کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کرے گا؟میتھیوملر نے جواب میں کہا کہ ہم نے بھارت کے حوالے سے رپورٹ دیکھی ہے، امریکی کمیشن ایگزیکٹو برانچ کے ساتھ کانگریس کو پالیسی سفارشات فراہم کرتا ہے، جائزہ لینے کے بعد وزیر خارجہ نے بھارت کو خاص تشویشناک ممالک میں شامل نہیں کیا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم بھارت سمیت ہر ملک میں مذہبی آزادی کی صورتحال کی بغور نگرانی کرتے رہتے ہیں۔