اعظم نذیرتارڑ

حکومت 24 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کریگی کہاں چیف جسٹس کی حلف برداری ہونی ہے، اعظم نذیرتارڑ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت 24 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کرے گی کہ کس مقام پر چیف جسٹس کی حلف برداری ہونی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نئے چیف جسٹس کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کیلیے ڈیڈ لائن 24 اکتوبر ہے۔

انہوںنے کہاکہ چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن ہمیشہ سے تقرر سے ایک دو دن پہلے ہی کیا جاتا ہے، قاضی فائز عیسیٰ کا نوٹیفکیشن نگراں حکومت کی آمد کے پیش نظر کچھ پہلے کیا گیا تھا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں قانونی ماہرین کی کمیٹی بنائی گئی ہے، آئینی ترمیم 25 اکتوبر کے بعد بھی ہوسکتی ہے اور دو ماہ بعد بھی ہوسکتی ہے،چار پانچ آئٹمز پر گفتگو جاری ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ یہ کیسی جلدی ہے؟ اب تو ڈیڑھ مہینہ ہوگیا،ججز کی تعیناتی کسی زمانے میں گورنر جنرل، کبھی صدر اور کبھی مارشلا ایڈمنسٹریٹر کرتے رہے ہیں،امریکا میں ججز کی تعیناتی کا اختیار صدر کے پاس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں