احسن اقبال

مہنگائی تیزی سے نیچے اور معیشت اوپر جارہی ہے، احسن اقبال

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مہنگائی تیزی سے نیچے آ رہی ہے اور معیشت اوپر جا رہی ہے، دنیا انسانی تاریخ کی تیز ترین تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے تختی سے لے کر فائیو جی تک کا سفر دیکھا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ ڈیٹا فیسٹ 2024 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ یہ میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ میں پاکستان کے پہلے ڈیٹا فیسٹ کی تقریب سے خطاب کر رہا ہوں، آج ہم ایک ایسی دنیا میں داخل ہو چکے ہیں جو انسانی تاریخ کی سب سے تیز ترین تبدیلیوں سے گزر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم وہ لوگ ہیں جنھوں نے تختی سے لے کر فائیو جی تک کا سفر دیکھا ہے، اس انقلاب کو جو چیز آگے بڑھائے گی وہ ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی ہوگی، ڈیجیٹل انقلاب برپا ہو چکا ہے، اور اس میں ترقی کا ایندھن ڈیٹا ہے، ڈیٹا ہی مصنوعی ذہانت کا بنیادی جز ہے، اور اس کی کوالٹی ہی کسی بھی اصول کی بنیاد ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان آج 2024 میں اپنے مستقبل کی سمت کا تعین کر رہا ہے، اور اس کے لیے ہمیں نہایت قابلِ بھروسہ ڈیٹا کی ضرورت ہے، جب ہم چوبیس سال بعد اپنی سو سالہ آزادی کا جشن منانے کی تیاری کریں گے، تو ہمارا سب سے زیادہ انحصار اسی ڈیٹا پر ہوگا۔انکا کہنا تھا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کے پیچھے مسلسل دس سال کی پالیسیاں ہوتی ہیں، جو ان کی ترقی کی راہ ہموار کرتی ہیں، ہم اگلے پانچ سالہ منصوبے پر کام کر رہے ہیں، جب میں نے 2014 میں بنائے گئے وژن 2025 کا مطالعہ کیا، تو لگا کہ ہم نے تب بھی وہی لکھا تھا جو مسائل ہمیں آج درپیش ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی تیزی سے نیچے آ رہی ہے اور معیشت اوپر جا رہی ہے، ایس سی او کانفرنس کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پہلو پیش کیا۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں وقت کے ساتھ ساتھ خود کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں