لاہور ہائیکورٹ

ہائیکورٹ نے عمران خان پرحملہ کیس کے مرکزی ملزم نوید کی درخواست ضمانت مسترد کر دی

لاہور ( نمائندہ خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان پرحملہ کیس کے مرکزی ملزم نوید کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ۔ ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔

ملزم نوید کے وکیل میاں دائود نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم نوید موقع پر موجود نہیں تھا،پولیس نے نام بلا جواز مقدمے میں شامل کیا۔عینی شاہدین نے نامعلوم ملزم کے بارے میں بتایا جبکہ ٹھوس شواہد بھی موجود نہیں۔معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ناکافی ثبوتوں کی بنا ہر ملزم کی ضمانت منظور کی جائے ۔ پراسیکیوٹر نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم مقدمے میں نامزد اور موقع سے گرفتار ہوا، ملزم کی شناخت فوٹیجز میں بھی ہوئی جبکہ گواہان بھی موجود ہیں۔

ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں لہٰذا عدالت درخواست ضمانت مسترد کرے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ۔واضح رہے کہ 3نومبر 2022ء کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔ واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنمائوں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔ملزم کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا ۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں