عطا تارڑ

بجلی کی قیمت میں 86پیسے فی یونٹ کمی،وزیراعظم کی بجلی کی قیمتوں میں کمی پر بھرپور توجہ ہے، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 86پیسے فی یونٹ کمی،وزیراعظم کی بجلی کی قیمتوں میں کمی پر بھرپور توجہ ہے۔قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ پر نیپرا نے گزشتہ روز ملک بھر میں 86 پیسے فی یونٹ کمی کی ہے،وزیراعظم کی بجلی کی قیمتوں میں کمی پر بھرپور توجہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت نے ایک یونٹ سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لئے 50 ارب روپے کی سبسڈی دی۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے 201 سے 500 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 45 ارب روپے کی سبسڈی دی، ہر سال وفاقی حکومت 300 یونٹ تک 276 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کے الیکٹرک کو 174 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، لائف لائن اور نان لائف لائن کنزیومرز کو سالانہ بنیادوں پر سبسڈی فراہم کی جاتی ہے،اس سال صارفین کو زیادہ سبسڈی دی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ پانچ آئی پی پیز کو بند کیا گیا ہے، اس اقدام سے معیشت کو اربوں روپے کا فائدہ ہوگا، بجلی کے معاملہ پر حکومت کی بھرپور توجہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس سمیت فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹس کی جاتی ہے، پانچ آئی پی پیز کو اس لئے بند کیا گیا ہے کہ کیپسٹی پیمنٹس میں کمی ہو۔انہوںنے کہاکہ جولائی سے ستمبر تک سبسڈی دینے، فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ اور پانچ آئی پی پیز کے بند ہونے سے بجلی کے بلوں پر بہت فرق پڑا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ وفاق اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں نے بجلی صارفین کو سبسڈیز دی، سالانہ سبسڈی 300 یونٹ تک کے صارفین کو دی جاتی ہے، 8 مزید آئی پی پیز کے حوالے سے قوم کو مزید خوشخبری دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کے ریٹس کم کئے گئے ہیں، کئی سو ارب روپے کی بچت ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سردیوں میں بجلی کے بل کم آتے ہیں، اگلی گرمیوں کے موسم سے پہلے بجلی کی قیمتیں مزید کم ہوں گی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، سٹاک مارکیٹ نے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، شرح سود میں کمی آئی ہے،معاشی اشاریئے مثبت ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ ہم معاشی بحالی کی طرف جا رہے ہیں، بجلی کے معاملہ پر پوری توجہ ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں