شرجیل میمن

آئینی ترمیم کے بعد پی ٹی آئی کی پی پی کے خلاف مہم مشن اسرائیل مشن گولڈ اسمتھ کا حصہ ہے، شرجیل میمن

کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد پی ٹی آئی کی پی پی کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم مشن اسرائیل اور مشن گولڈ اسمتھ کا حصہ ہے۔کلفٹن میں واقع ڈائریکٹوریٹ آف سوشل میڈیا کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی گہما گہمی بہت عرصے سے جاری تھی اب انجام کو پہنچی ہے، چیئرمین بلاول اور صدر زرداری کی پہلے ہی ہدایات تھیں کہ عوامی فلاح و بہبود، عوام کو ریلیف دینے کے لیے کام کریں، سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ نے حالیہ دنوں میں ایک ہی دن 6 اسکیموں کا افتتاح کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سینٹرل جیل کو بھی مکمل طور پر سولرائز کر دیا گیا ہے، وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ بھی پوری محنت سے کام کر رہے ہیں، مختلف اضلاع میں سولرائزیشن کا کام جاتی ہے، سول اسپتالوں کو سولرائز کیا جا رہا ہے، 656 اسکولز اور 211 رورل ہیلتھ سینٹرز کو سولرائز کیا جا رہا ہے، سندھ میں دو لاکھ خاندانوں کو سولر سسٹم دیئے جا رہے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ تمام عمر اِن لوگوں کو بل ادا کرنے نہیں پڑیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ منفیت ہائی لائٹ ہوتی ہے، ملک میں جو ٹھیک کام گرائونڈ پرہو رہا ہے اس کو بھی ہائی لائٹ کیا جانا چاہیے، چیئرمین بلاول بھٹو نے ہاری کارڈ جاری کیا، گزشتہ حکومت میں مزدور کارڈ جاری کیے گئے۔شرجیل میمن نے کہاکہ 26ویں آئینی ترمیم بہت بڑی مشاورت کے بعد پاس ہوئی، پی ٹی آئی کا رویہ 26ویں آئینی ترمیم میں مثبت تھا اور رضا مندی تھی، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے،

عدلیہ کے چند جج صاحبان نے پیپلز پارٹی سے تاریخ کا بدترین انتقام لیا ہے لیکن پیپلز پارٹی نے کبھی عدلیہ کے خلاف مہم نہیں چلائی نہ حملہ کیا، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے پیپلز پارٹی کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم چلائی گئی جبکہ بین الاقوامی طور پر پی ٹی آئی کے حق میں مہم چلائی جا رہی ہے، یہ سب کچھ مشن اسرائیل اور مشن گولڈ اسمتھ کا حصہ ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو اسرائیل کا ایجنٹ نہیں کہوں گا بلکہ یہ اسرائیلی حکومت کا حصہ ہے، پی ٹی آئی کا جھگڑا پاکستان اور اس ملک کے نقشے سے ہے، عوام دھوکے میں نہ آئیں، پی ٹی آئی کارکنان کا احترام ہے، لیکن کو پتہ نہیں کہ ان کا لیڈر کس مشن پر لگا ہوا ہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے ہم سے لڑنے کے لئے ان کے ہتھیار ان کے کام نہیں آئیں گے،

پی ٹی آئی والے ڈجیٹل دہشت گردی کر رہے ہیں، پی ٹی آئی والے ملک کے اندر انتشار اور تقسیم کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کی بہن بیوی کی گرفتاری پر پیپلز پارٹی خوش نہیں ہوتی، ہماری لیڈر فریال تالپور کو عید کی رات گرفتار کر لیا گیا، مائیں بہنیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں، ہم بھی کبھی کسی کے اہل خانہ کی گرفتاری پر خوش نہیں ہوئے۔
٭٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں