اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کو چیلنج کرنے کا فیصلہ آج (پیر) تک ہو جائے گا۔ ایک انٹرویو میں شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کمیٹی نے احتجاج 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف کرنے کا کہا تھا، آج لیگل کمیٹی دیکھتے ہیں کیا فیصلہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بشری بی بی گھریلو خاتون ہیں، بشری بی بی کی تمام کیسز میں ضمانت ہو چکی ہے، بشری بی بی کے خلاف کیسز غیر قانونی تھے، ہم سب کے اوپر کافی جھوٹے مقدمات ہیں، ڈیل کی باتیں کرنا ہمارے مخالفین کی بیہودہ کوشش ہے۔
زین قریشی کے استعفی کے حوالے سے سوال پر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ زین قریشی نے ابھی تک کوئی استعفی نہیں دیا ، بے بنیاد خبریں چلائی جارہی ہے۔ان کا بشری بی بی سے پارٹی رہنماں کی مشاورت کا سوال کرنے پر اپنے جواب میں مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کہہ چکے ہیں کہ ان کی بہنیں یا فیملی سیاست نہیں کریں گی بشری بی بی سے کسی کی کوئی سیاسی مشاورت نہیں ہوئی ہے۔