لاہور (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نواز شریف علاج کے لیے گئے ہیں، وہ واپس آئیں گے، ملکی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں،غنڈا گردی اور 9مئی والے واقعات اب نہیں ہوں گے۔لاہور میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ ہر ترمیم نے اپنے وقت پر ہی آنا ہے،معاشرے میں نئے نئے ابہام پیدا کیے جاتے ہیں ،پاکستان کے اندر تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
آج پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ میں خطاب سب سے زیادہ سنے جانے والا خطاب ہے۔ملکی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں،آٹھ سال بعد بیرونی سرمایہ کاری آئی ہے ۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ ہمیشہ بار کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہم نے بار کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے۔
جونیئر ججز کو اٹھا کر سپریم کورٹ لے کر گئے تب کوئی نہیں بولا مگر اب 26ویں آئینی ترمیم کے بعد تو 3سینئر ترین ججز میں سے ہی ایک سلیکٹ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی لیڈروں کو جھوٹے کیسز میں نہ اہل کیا گیا، پارلیمنٹ غلطیوں کا ازالہ کر رہی ہے، اس ملک میں غنڈا گردی اور 9مئی والے واقعات اب نہیں ہوں گے ، قانون کی بالادستی اور جھوٹ کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قاضی فائز عیسی جیسے چیف جسٹس ملے انہیں بھی متنازع بنایا گیا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف علاج کے لیے گئے ہے وہ واپس آئیں گے۔
٭٭٭٭٭