بغداد(نمائندہ خصوصی)عراق میں داعش کے خلاف لڑنے کے لیے امریکی افواج اور بین الاقوامی اتحاد کی بقا کے بارے میں جاری بحث کی روشنی میں عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی نے کہا ہے کہ عراق میں امریکی افواج کے انخلا کا پہلا مرحلہ اگلے سال ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے عرب ٹی وی کو انٹرویومیں کہاکہ عراقی حکومت کے ساتھ مشترکہ بین الاقوامی اتحاد کے مشن کو ختم کرنے کے نام سے ایک معاہدہ کیا گیا ہے۔
کئی بار ملاقات کرنے والی اعلی سطح کی کمیٹی کی بنیاد پر اس معاہدہ کو تشکیل دیا گیا تھا۔باسم العوادی نے یہ بھی وضاحت کی کہ کمیٹی کسی سیاسی حالات یا دبائو کے بغیر اپنے نتیجے پر پہنچی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقوں کے لیے ایک تسلی بخش معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اسے امریکہ کی منظوری مل گئی ہے۔ انخلا کا پہلا مرحلہ ستمبر 2025 میں ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دوسرا مرحلہ ستمبر 2025 میں شروع ہو کر ستمبر 2026 میں ختم ہو گا۔