برسبین (نمائندہ خصوصی)پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں تو شکست ہوئی لیکن اس میچ میں قومی کرکٹر بابر اعظم نے پاکستان کیلئے مزید 2 ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ برسبین میں کھیلا گیا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی۔ میچ میں بابر اعظم نے 2 اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی بابر اعظم کا اس فارمیٹ کا 124 واں انٹرنیشنل میچ تھا جس کے بعد وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل یہ اعزاز سابق کپتان شعیب ملک کے پاس تھا جنہوں نے 123 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستانی کی نمائندگی کی۔اس کے علاوہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے پاکستانی کرکٹر بھی بن گئے۔آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بابر نے 2 کیچ لیے، جس کے بعد ان کے اس فارمیٹ میں کیچز کی تعداد 52 ہوگئی ہے۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب زیادہ کیچز لینے والے پاکستانی کرکٹر کا اعزاز فخر زمان اور شعیب ملک کے پاس تھا جنہوں نے 50، 50 کیچ لیے۔واضح رہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بھی ہیں۔