رانا مشہود

قوم 24نومبر کے احتجاج کو مسترد کرچکی ،اسلام آباد پر چڑھائی تو دور، یہاں کا رخ بھی نہیں کرنے دیں گے، رانا مشہود

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ قوم 24نومبر کے احتجاج کو مسترد کرچکی ہے، اسلام آباد پر چرھائی کرنا تو دور کی بات، یہاں کا رخ بھی نہیں کرنے دیا جائے گا،سب سامنے ہے کہ کیسے ایک سیاسی جماعت دہشتگردی اور اداروں پر حملے کے لیے اکسا رہی ہے۔ منگل کو اسلا م آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ معاشی میدان میں طویل عرصے بعد پاکستان کے لیے اچھی خبریں آ رہی ہیں۔

اب دنیا پاکستان کی طرف رخ کررہی ہے۔ ہر ماہ ہزاروں کی تعداد میں اسپورٹس مین اور سیاح پاکستان آرہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2018کے بعد اسکالر شپس بند کرکے نوجوانوں کے راستے روک دیے گئے تھے۔ ارشد ندیم کا ٹیلنٹ یوتھ فیسٹیول کے ذریعے آگے آیا ۔ کھیلوں میں وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی فوکس ہے ۔ یونیورسٹی اولمپیاڈ 21سے 23نومبر تک اسلام آباد میں ہوگی ۔ اسپورٹس اولمپیاڈ میں 5 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز شرکت کریں گے۔رانا مشہود کا کہنا تھا کہ اسپورٹس اولمپیاڈ کے ذریعے کھیلوں میں ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا ۔ اسپورٹس اولمپیاڈمیں 10 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔

پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحتیں موجود ہیں۔ حکومت باصلاحیت نوجوانوں کو ہر ممکن پلیٹ فارم فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ تعمیری کام کیا ہے، صرف ایک جماعت کا کام تخریب کاری کرنا ہے۔ یہ جماعت عوام کو بہکا رہی ہے۔ ہمیں مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنا ہوگا ۔ نواز شریف کو جھوٹے مقدمے میں نااہل کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس میں کوئی احتجاج نہیں بنتا تھا، اس جماعت کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔ یہ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری ہو۔ پاکستانی قوم 24نومبر کے احتجاج کو مسترد کرچکی ہے۔

احتجاج کی یہ کال بھی ناکام ہوگی۔ یہ وہی لوگ ہیں جو آئی ایم ایف کے سامنے احتجاج کرتے رہے۔بیرونی سرمایہ کاری آنے سے پاکستان مخالف قوتوں کو تکلیف ہورہی ہیں ۔ رانا مشہود کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو اس ملک میں تباہ کیا گیا ، جب ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس ختم کردینگے تو بہتری کہاں سے آئے گی۔ کرکٹ میں بھی ری اسٹرکچرنگ کا مرحلہ جاری ہے۔ جلد کرکٹ میں وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں سے سرخرو ہوئے ہیں۔ ان کیخلاف کرپشن کیسز ہیں ، پنکی پیرنی، فرح گوگی، ذلفی بخاری کی کرپشن کی داستانیں عام ہیں۔ یہ ایک چوری بھی کرتے ہیں اور سینہ زوری بھی کرتے ہیں ۔ 9 مئی کی وڈیوز سامنے آ چکی ہیں۔ سب سامنے ہے کہ کیسے یہ سیاسی جماعت دہشتگردی اور اداروں پر حملے کے لیے اکسا رہی ہے۔ پاکستان میں سہولت کاری کا کلچرل ختم ہوگیا ہے۔ اسلام آباد پر چڑھائی تو دور یہاں کا رخ بھی نہیں کرنے دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں