لاہور (نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مرنے مارنے والوں کے لئے ریاست کے پاس اے سے زیڈ تک سارے پلان ہیں۔لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بغیر تصدیق چیزیں سوشل میڈیا اکائونٹس پر پوسٹ کر دی جاتی ہیں، سائبر کرائم کے حوالے سے ایف آئی اے کو دوبارہ آرگنائزڈ کیا جا رہا ہے، متاثرہ خواتین کی بات سنی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے خود کے رشتے دار خواتین کو حراساں اور بلیک میل کر رہے ہوتے ہیں، خود ایف آئی اے کو کہا ہے دیگر خواتین کی درخواستیں بھی دیکھی جائیں، اب ایسا نہیں ہو گا کہ آزادی اظہار رائے پر آپ کسی کو کچھ بھی کہہ دیں۔پی ٹی آئی کے 24نومبر کے احتجاج سے حوالے سے بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پچھلے لانگ مارچ پر خیبرپختونخوا کا 81کروڑ روپے لگا تھا، اب کہا جا رہا ہے آپ 58کروڑ روپے دیں پھر بات ہو گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر ایم این اے اور ایم پی اے کو دو دو چار چار لاکھ روپے دیئے جا رہے ہیں، یہ صوبے کے پیسے ہیں آپ کے باپ کے نہیں، بعد میں پی ٹی آئی والوں کو پشاور ہائی کورٹ بچانے آ جاتی ہے، ان کو پشاور ہائی کورٹ سے بلین کٹ قسم کا ریلیف مل جاتا ہے۔عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ کسی کی محبت میں اتنا آگے نہ نکل جائیں کہ پاکستان کی بربادی نظر نہ آئے، انہوں نے واضح بتا دیا ہے وہ مرنے مارنے، ریاست کے خلاف جہاد کرنے آ رہے ہیں، یہ کہہ رہے ہیں ہمارے پاس پلان اے، بی اور سی ہے، بتانا چاہتی ہوں ریاست کے پاس بھی اے سے زیڈ تک سارے پلان ہوتے ہیں۔
٭٭٭٭٭