اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت میں اضافہ ضروری ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان بیلا روس بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بیلاروس بزنس فورم کے دوران آٹھ مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہورہے ہیں ، پاکستان میں بیلاروس ٹریکٹرز پائیداری اور مضبوطی کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2025-27 کے لیے روڈ میپ پر اتفاق، دونوں ممالک تعاون کے لیے عملی اقدامات کریں گے، پاکستان اور بیلاروس علاقائی تجارت اور کنیکٹیویٹی کے فروغ کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم میں شراکت دار ہیں۔
جام کمال نے کہا کہ پاکستان بیلاروس سے ٹیکنالوجی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے توانائی، زراعت، آئی سی ٹی اور دیگر شعبے کھلے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ پاکستان اور بیلاروس کی دو طرفہ تجارت میں تنوع لانے کی ضرورت ہے، پاکستان کے گوشت، ڈیری، زرعی مصنوعات اور کاغذی مصنوعات کی برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں۔
وزیر تجارت نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے کی ضرورت ہے، پاکستان خطے میں تجارتی اور ٹرانزٹ حب بننے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 250 ملین کی آبادی کے ساتھ دنیا کی چھٹی بڑی مارکیٹ ہے، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان زرعی مشینری اور آٹوموبائل کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کی امید ہے۔جام کمال نے مزید کہا کہ پاکستان بیلاروس کو کل سرجیکل آلات کا 62 فیصد برآمد کرتا ہے، بیلاروس سے پاکستان ٹریکٹرز اور زرعی مشینری درآمد کرتا ہے۔