کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں شاہراہ سرینگر پر رینجرز اہلکاروں پر حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے اسلام آباد میں موجود پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں رینجرز اور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہڑے میں لایا جائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں جام شہادت نوش کرنے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کیبہادر بیٹے تھے۔
انہوں نے شہید اہلکاروں کے خاندانوں سے بھی دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔انہوں نے زخمی اہلکاروں کے لیئے بھی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کے حق اور شرپسندی و دہشتگردی کے متعلق پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے۔