اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ موجودہ دور کی ڈیجیٹل معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے ، انٹرنیٹ کی سست روی سے معیشت اور جی ڈی پی پر منفی اثرات ، اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ ملک میں انٹرنیٹ سروسز میں سست روی پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے حوالے سے ہر پالیسی کی حمایت کرتے ہیں ،مگر معاشی مفادات کا تحفظ بھی ناگزیر ہے ، برآمدات میں اضافے کیلئے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی ناگزیر ،انٹر نیٹ کی سست روی اس کو متاثر کر رہی ہے ، یہ اطلاعات تشویش ناک ہیں کہ بڑی آئی کمپنیاں اپنے دفاتر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں ۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ٹیلی کام سیکٹر کا منافع 3ارب یومیہ ہے، انٹرنیٹ مسائل کے باعث ٹیلی کام سیکٹر بری طرح متاثر ہو رہا ہے،آئی ٹی سیکٹر انٹرپورشپ کی فراہمی کا بھی بڑا ذریعہ ہے،لاکھوں نوجوان اس سے وابستہ ہو رہے ہیں ، وقت ملک میں فری لانسرز کی تعداد 30لاکھ کے قریب ہے جو آئے دن بڑھ رہی ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی بندش کا سلسلہ برقرار رہا تو ایک سال میں کم از کم ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوگا، حکومت کو مربوط فیصلہ سازی کے تحت انٹرنیٹ مسائل کا مستقل حل ،فائیو جی کی فوری لانچنگ کے انتظامات کرنے چاہئیں۔