آئینی بینچ سپریم کورٹ

9 مئی پر جوڈیشل کمیشن، انتخابی دھاندلی سے متعلق درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست اور انتخابی دھاندلی کے معاملے سمیت متعدد کیسز آئینی بینچ کے روبرو سماعت کیلئے مقرر کر دئیے گئے۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ کل (پیر ) سے شروع ہونے والے ہفتے کیسز کی سماعت کرے گا۔ بانی تحریک انصاف کی 9 مئی سانحہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی درخواست پر سماعت منگل 10 دسمبر کو ہوگی۔

بانی پی ٹی آئی نے درخواست میں سویلین کے ملٹری کورٹ ٹرائل کو کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماﺅں کیخلاف مقدمات کے اندراج کیخلاف درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر ہوگئی، بینچ 10 دسمبر کو سماعت کرے گا، سیمابیہ طاہر نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، عمران خان کیخلاف وفاقی حکومت کی توہین عدالت کیس کی سماعت بھی 10 دسمبر کو ہوگی۔غیر قانونی افغان باشندوں کی بے دخلی کے نگران حکومت کے فیصلے کیخلاف دائر درخواستوں پر 9 دسمبر کو سماعت ہوگی، بانی پی ٹی آ ئی کو اڈیالہ جیل سے خیبرپختونخوا جیل میں منتقل کرنے کی درخواست پر آئینی بینچ 10 دسمبر کو سماعت کریگا۔8 فروری کے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر 11 دسمبر کو سماعت ہوگی۔ فون ٹپینگ کا 28 سالہ پرانا مقدمہ بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا، آئینی بینچ 11 دسمبر کو سماعت کریگا،

سپریم کورٹ میں فون ٹیپنگ کیلئے ڈیوائسز کی تنصیب کیخلاف 1996 سے مقدمہ زیر التوا تھا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر ہو گئی، بینچ 11 دسمبر کو سماعت کرے گا، درخواست شہری محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر ہو گئیں، آئینی بینچ 12 دسمبر کو سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔ آئینی بینچ 9 دسمبر کو سینئر صحافی ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں