صدر مملکت

دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے’ صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

صدر آصف زرداری نے جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں 16 بہادر جوانوں کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے، دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔

ادھروزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 16 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پْرعزم ہیں۔گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں خوارج نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی جہاں 16 جوان شہید ہوگئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں