اسلام آباد(گلف آن لائن)گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال جننگ فیکٹریوں میں کپاس پھٹی کی آمد 35.67 فیصد کم ہو گئی۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے اعداد وشمار کے مطابق 15 دسمبر 2020 تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 5.05 ملین بیلز کپاس لائی گئی ہے جبکہ گزشتہ سال اسی تاریخ تک فیکٹریوں میں پھٹی کی آمد 7.8 ملین گانٹھیں ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال جننگ فیکٹریوں میں پھٹی کی آمد میں 2.75 ملین بیلز یعنی 35 فیصد سےزیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی سی جی اے کی رپورٹ کے مطابق موصولہ پھٹی میں سے 4.7 ملین بیلز پراسیسنگ کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ 15 دسمبر 2020 تک پنجاب کی جننگ فیکٹریوں کو 2.9 ملین بیلز اور سندھ میں 2 ملین بیلز سے زیادہ کپاس کی آمد ہوئی ہے جس میں 4.2 ملین روئی کی گانٹھیں بک چکی ہیں۔ ٹیکسٹائل ملز نے 4.1 ملین بیلز جبکہ برآمد کنندگان نے 62 ہزار 500 بیلز کی خریداری کی ہے۔