وزیراعظم عمران خان

ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں جید علمائے کرام کا کرداراہم ہے،عمران خان

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امت مسلمہ میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے، ملک کو درپیش مسائل ‘خواہ وہ انتہا پسندی سے نمٹنے کا مسئلہ ہو یا فرقہ واریت سے نمٹنے کا ہو ، سے نمٹنے کے ضمن میں علمائے کرام کے کلیدی کردار قابل تعریف ہے ،امت مسلمہ میں تفریق اور تقسیم پیدا کرنے کی مذموم سازشوں کا مقابلہ کرنے کے ضمن میں علمائے کرام کے مسلسل تعاون کی ضرورت ہے.

ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے حوالے سے جید علمائے کرام کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ علمائے کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا ۔وزیرِ اعظم عمران خان سے علماءو مشائخ کے وفد نے ملاقات کی جس میں وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری بھی ملاقات میں موجود تھے۔وفد میں پیر محمد امین الحسنات شاہ، پیر چراغ الدین شاہ، ڈاکٹر قبلہ ایاز، پیر نقیب الرحمن، مولانا عبدالخبیر آزاد، پیر حبیب عرفانی، صاحبزادہ محمد حامد رضا، سید ضیاءاللہ بخاری، پیر سلطان احمد علی حق باہو، علامہ محمد حسین اکبر، مفتی ابو بکر محی الدین، مولانا محمد عادل عطاری، مولانا محمد طیب قریشی، مفتی فضل جمیل رضوی، مولانا حامد الحق، پیر شمس الامین،پیر حبیب اللہ شاہ، محمد قاسم قاسمی، صاحبزادہ محمد اکرم شاہ اور پیر مخدوم عباس بنگالی شامل تھے۔

علمائے کرام نے وزیرِ اعظم کی جانب سے اقوام متحدہ میں تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم اور مغرب میں اسلام فوبیا کے حوالے سے شاندار موقف اپنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ پوری امت مسلمہ کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔ علمائے کرام نے وزیراعظم کی اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرنے پر بھرپور تعریف کی۔

علمائے کرام نے کہا کہ اسلام فوبیا کے موضوع کو جس انداز میں وزیر اعظم نے مغرب میں اٹھایا ہے اس طرح اسلامی دنیا کے کسی لیڈر نے ماضی میں نہیں اٹھایا جس کے لئے امت مسلمہ وزیراعظم کی معترف ہے۔ علمائے کرام نے وزیر اعظم کے پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کے ویژن اور اس ضمن میں کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اس حوالے سے وزیراعظم کے شانہ بشانہ کردار ادا کرنے اورپاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں