وفاقی وزیر حماد اظہر

کرپشن کے زور پر ترقی ہوتی تو سندھ تو کیلیفورنیا بن جاناچاہیے تھا ، وفاقی وزیر حماد اظہر

اسلام آباد (گلف آن لائن) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ کرپشن کے زور پر ترقی ہوتی تو سندھ تو کیلیفورنیا بن چکا ہوتا۔ قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے اظہار خیال کے بعد وفاقی وزیر حماد اظہر نے بات شروع کی تو بلاول بھٹو اور شہباز شریف ایوان سے باہر چلے گئے، جس پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بلاول میں اگر جرات ہے تو بیٹھیں اور میری تقریر سن کرجائیں، منہ ٹیڑھا کرنے سے داغ نہیں دھل جاتے۔

ہم نے ابھی ایک نابالغ لیکچر سنا، بلاول زرداری اپنی تقریر میں جانوروں کی تعداد گنوا رہے تھے اور اب چلے گئے ہیں، ہم اقتدار میں ہیں تو اس کے پیچھے عمران خان کی 22 سالہ جدو جہد ہے، ہم عوام کے ووٹ لے کر اس ایوان میں آئے ہیں، 10 یا 20 فیصد پر نہیں آئے۔ ‌حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کچھ باتیں کسی کو سمجھانے کے لیے انگریزی میں کیں، وہ عوام کی بات انگلش میں اور امریکا کو اڈے نہ دینے کی بات اردو میں کرتے رہے.

پھر افغانستان سے متعلق بات انگریزی میں کی گئی، ان پتہ نہیں کہ ان کے دور میں کیا ہوتا رہا ہے کیوں کہ بلاول اس وقت بچے تھے، پیپلز پارٹی امریکا کو کہتی تھی کہ ڈرون مارتے جاؤ، لوگ مرتے ہیں تو ہم مذمت کرتے جائیں گے۔ انہوں نے اسٹیل مل کے بند ہونے کی بات کی تو وہ بھی ن لیگ کے دور میں بند ہوئی۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سے کچھ افسران فائدہ اٹھا رہےتھے، اور آج اس پروگرام کی سابق چیئر پرسن مفرور ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیل سستا اور پاکستان میں مہنگا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس وقت دنیا میں سب سے سستا تیل پاکستان میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں