اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں ایسے حالات نہیں کہ لوگ سب کچھ چھوڑ کر نکل جائیں، طالبان پر پاکستان کا اثرو رسوخ ہے لیکن کنٹرول نہیں ۔
ایک انٹرویومیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پرپاکستان کی تجویز کو پہلے بھی نہیں سنا گیا تھا،وزیراعظم عمران خان نے اشرف غنی کو الیکشن نا کروانے کی تجویز دی تھی،اشرف غنی نے وزیراعظم کی تجویز نہیں مانی اور حالات آج سب کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین ابھی پاکستان تک پاکستان میں داخل نہیں ہوئے،افغانستان میں ایسی صورتحال نہیں ہے کہ لوگ چھوڑ چھاڑ کر نکل جائیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں حالات مستحکم رہیں،پاکستان کاطالبان پر اثر و رسوخ ہے لیکن کنٹرول نہیں ہے،ہم کوشش کر رہے ہیں کہ کابل ایئرپورٹ جلد از جلد کھل جائے۔